> ## Content Index
> Fetch the complete content index at: https://copper-trout.pikapod.net/llms.txt
> Use this file to discover other available public pages before exploring further.

# بھارت کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی، او آئی سی میں قرارداد منظور
- URL: https://copper-trout.pikapod.net/3946/
- Published: 2019-03-03T14:45:59.000Z
- Updated: 2026-10-16T16:49:39.000Z
- Author: ویب ڈیسک
- Tags: پاکستان, #Migrated-1792169222758, #wp, #wp-post, #Import 2026-10-16 16:47

اسلام آباد (ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اجلاس میں کشمیری عوام کی حمایت کا عزم دہرایا گیا۔

پاکستان نے کانفرنس کے افتتاحی سیشن کا بائیکاٹ کیا لیکن دیگر سیشنز میں دفترخارجہ کے حکام نے شرکت کی۔

ترجمان کے مطابق او آئی سی اجلاس میں کشمیری عوام کی حمایت پر مبنی قرارداد منظور کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جموں و کشمیر بنیادی تنازع ہے اور جنوبی ایشیا میں امن کیلئے کشمیر کے تنازع کا حل ہونا ناگزیر ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ قرارداد میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

او آئی سی کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔

https://twitter.com/DrMFaisal/status/1101876034998292482

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق او آئی سی میں بھارت کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر پاکستان کی ایک اور قرارداد منظور کی گئی۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ قرارداد میں بھارتی دراندازی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔’او آئی سی نے بھارتی جارحیت کی مذمت اور پاکستان کے حق دفاع کو تسلیم کیا‘  
بعد ازاں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ او آئی سی کی قرارداد میں کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی توثیق کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی کی قرارداد میں کشمیر کو خطے کے امن کیلئے کلیدی قرار دیا گیا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کی مذمت کی گئی ہے۔  
https://twitter.com/SMQureshiPTI/status/1101922957226577920  
شاہ محمود قریشی کے مطابق او آئی سی نے بھارتی جارحیت کی مذمت اور پاکستان کے حق دفاع کو تسلیم کیا لہٰذا پاکستانی قوم کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔