اویغوروں سے’بدسلوکی‘: امریکہ نے 28 چینی کمپنیاں بلیک لسٹ کر دیں

Share
اویغوروں سے’بدسلوکی‘: امریکہ نے 28 چینی کمپنیاں بلیک لسٹ کر دیں

نیویارک (ربوہ ٹائمز) امریکہ نے چین کے صوبے سنکیانگ میں اویغور برادری کے افراد سے مبینہ بدسلوکی کے الزام میں 28 چینی اداروں کو ’بلیک لسٹ‘ کر دیا ہے۔

اب یہ ادارے ’اینٹٹی لسٹ‘ کہلانے والی فہرست میں شامل کر دیے گیے ہیں اور یہ اب وفاقی حکومت کی منظوری کے بغیر امریکی کمپنیوں سے مصنوعات نہیں خرید سکیں گے۔

ان 28 اداروں میں سرکاری ادارے اور نگرانی کے آلات کی تیاری میں مہارت رکھنے والی ٹیکنالوجی کمپنیاں شامل ہیں۔

ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ امریکہ نے چینی اداروں پر تجارتی پابندی عائد کی ہے۔

اس سے پہلے مئی میں ٹرمپ انتظامیہ نے دنیا کی سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنیوں میں سے ایک ہواوے کو بھی اس کی مصنوعات کے حوالے سے سکیورٹی خدشات پر اینٹٹی لسٹ میں شامل کر دیا تھا۔

امریکہ کے محکمہ تجارت کی ایک دستاویز کے مطابق یہ ادارے ’انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور استحصال میں ملوث ہیں۔‘

انسانی حقوق کی تنظیموں کا مؤقف ہے کہ بیجنگ اکثریتی طور پر مسلمان اویغور افراد کو حراستی کیمپوں میں قید کر رہا ہے۔ دوسری جانب چین انھیں انتہاپسندی سے نمٹنے کے لیے بنائے گئے ’ہنرمندوں کے تربیتی مراکز‘ کہتا ہے۔

محکمہ تجارت نے اپنے پیر کے فیصلے میں کہا کہ یہ 28 ادارے ’اویغور، قازق اور دیگر مسلم اقلیتی گروہوں کے خلاف چین کی جبر، وسیع پیمانے پر غیر قانونی حراست اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کی مہم کا حصہ ہیں۔‘

سنکیانگ صوبے کا پبلک سکیورٹی بیورو دیگر 19 چھوٹے حکومتی اداروں کے ساتھ اس فہرست میں شامل ہے۔

اس کے علاوہ ہِک وژن، داہوا ٹیکنالوجی اور میجوی ٹیکنالوجی ان آٹھ کمرشل گروپس میں سے ہیں جنھیں اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ تمام کمپنیاں چہرہ پہچاننے کی ٹیکنالوجی میں خصوصی مہارت رکھتی ہیں۔ ہِک وژن نگرانی کے آلات تیار کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے۔

امریکہ اور چین فی الوقت ایک تجارتی جنگ میں الجھے ہوئے ہیں اور اس ہفتے اس کشیدگی میں کمی کے لیے واشنگٹن میں چینی وفود بھی آئے ہیں۔

یہ اقدام بلاشبہ چین کے ٹیکنالوجی سے منسلک عزائم کو مختصر مدت کے لیے ہی سہی مگر نقصان پہنچائے گا۔

جن کمپنیوں کو ہدف بنایا گیا ہے وہ مصنوعی ذہانت میں مہارت رکھنے والی چین کی سب سے بڑی کمپنیاں ہیں اور چین اپنے مستقبل کے لیے اسی صنعت پر منحصر ہے۔

مگر مصنوعی ذہانت کے الگورتھمز کی تربیت میں استعمال ہونے والے آلات فی الوقت صرف انٹیل، موویڈیئس اور اینویڈیا جیسی امریکی کمپنیاں بناتی ہیں۔

لیکن چین کی جانب سے امریکی ٹیکنالوجی کی چینی کمپنیوں کو فروخت پر بڑھتی ہوئی پابندیوں کی وجہ سے چین خود انحصاری کی اپنی خواہش میں تیز تر ہوتا جا رہا ہے۔

مثال کے طور پر جب امریکہ نے اس سال کے اوائل میں ہواوے کو اینٹٹی لسٹ میں شامل کیا تو اس کا مطلب یہ تھا کہ گوگل جیسی کمپنیوں کو اب ہیواوے کو (سافٹ ویئر) فروخت کرنے سے قبل واشنگٹن سے برآمدی لائسنس لینا ہوگا۔

مگر ردِعمل میں ہواوے نے کہا کہ وہ اپنے فونز میں استعمال کے لیے اپنا سافٹ ویئر تیار کرنا شروع کر رہی ہے۔

دیگر امریکی ٹیکنالوجی کا بھی چینی متبادل تیار کیا جا رہا ہے۔

اب جب چین اور امریکہ کی تجارتی جنگ ٹیکنالوجی پر جنگ میں تبدیل ہو رہی ہے تو صارفین کو بالآخر مکمل طور پر چینی یا مکمل طور پر امریکی مصنوعات میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔
چین کا کہنا ہے کہ سنکیانگ کے لوگ انتہاپسندی سے نمٹنے کے لیے بنائے گئے ’اصلاحی و تربیتی مراکز‘ میں رکھے گئے ہیں۔

مگر انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ چین دس لاکھ اویغور اور دیگر مسلمانوں کو حراستی کیمپوں میں قید کیے ہوئے ہے۔

سنکیانگ میں چین کے اقدامات کی امریکہ اور دیگر ممالک کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔

Read more

کرن ناز کا بیان: “احمدیوں پر تشدد تسلیم، مگر حقوق پر سوال” — مباحثے نے نئی بحث چھیڑ دی

کرن ناز کا بیان: “احمدیوں پر تشدد تسلیم، مگر حقوق پر سوال” — مباحثے نے نئی بحث چھیڑ دی

معروف پاکستانی اینکر و صحافی کرن ناز نے حالیہ دنوں اپنے ایک مؤقف میں پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے ”اقلیتی حقوق کا بل“ کے تناظر میں احمدی کمیونٹی کے حوالے سے ایک بحث چھیڑ دی ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا اور انسانی حقوق حلقوں میں اس پر شدید ردِ

By ویب ڈیسک
پاکستان کی قومی اسمبلی میں ایک مرتبہ پھر قادیانی مذہب کو ٹارگٹ کیا گیا

پاکستان کی قومی اسمبلی میں ایک مرتبہ پھر قادیانی مذہب کو ٹارگٹ کیا گیا

نیویارک (ربوہ ٹائمز) پاکستان کی قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں قومی کمیشن برائے اقلیتی حقوق بل 2025 پر بحث کے دوران اس وقت اہم صورتحال پیدا ہوئی جب سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ سے دو بنیادی وضاحتیں طلب کیں۔ سپیکر نے

By ویب ڈیسک
اٹلی کے کارڈینل Matteo Zuppi کا احمدیہ ہیڈ کوارٹر کا دورہ، سابق نائب وزیر خارجہ اٹلی تقریب کے مہمانوں

اٹلی کے کارڈینل Matteo Zuppi کا احمدیہ ہیڈ کوارٹر کا دورہ، سابق نائب وزیر خارجہ اٹلی تقریب کے مہمانوں

بولونیا (اسٹاف رپورٹر) — 8 نومبر 2025 کو اٹلی کے ممتاز اور معروف مذہبی رہنما کارڈینل میٹیو زُوپی، جو President of the Italian Episcopal Conference اور آرچ بشپ آف بولونیا بھی ہیں، نے احمدیہ مسلم جماعت اٹلی کے مرکزی ہیڈکوارٹر بیت التوحید — سان پیئترو اِن کزالے کا خصوصی دورہ

By ویب ڈیسک
اٹلی کی پارلیمنٹ میں احمدیہ مسلم جماعت کی پہلی تاریخی نمائندگی

اٹلی کی پارلیمنٹ میں احمدیہ مسلم جماعت کی پہلی تاریخی نمائندگی

روم (خصوصی رپورٹ) — 5 نومبر 2025 کو احمدیہ مسلم جماعت اٹلی کو پہلی مرتبہ ملک کے سب سے بڑے قانون ساز ادارے سینیٹ آف اٹلی (Senato della Repubblica) میں اسلام کے پُرامن پیغام کو پیش کرنے کا اعزاز ملا۔ اس تاریخی تقریب کا انعقاد Sala Zuccari کے تاریخی ہال

By ویب ڈیسک